اہم ترین

روی چندرن اشون کا آئی پی ایل کو الوداع، عالمی ٹی 20 لیگز میں نیا سفر شروع

ہندوستانی کرکٹ کے مایہ ناز آف اسپنر روی چندرن اشون نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ بدھ 27 اگست کو سوشل میڈیا پر اپنے ایک جذباتی پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ اب وہ آئی پی ایل میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے لیکن دنیا بھر کی مختلف ٹی 20 فرنچائز لیگز میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

38 سالہ اسپنر نے اپنے ریٹائرمنٹ پوسٹ میں لکھا، ’’آج میرے لیے خاص دن ہے اور ایک نئی شروعات بھی۔ کہتے ہیں ہر اختتام ایک نئی شروعات لاتا ہے۔ میرا آئی پی ایل کیریئر ختم ہو رہا ہے لیکن اب میں دنیا کی دیگر لیگز میں کرکٹ کا نیا سفر شروع کر رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان تمام فرنچائزیز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں یادگار لمحات اور تعلقات دیے۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل اور بی سی سی آئی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ روی چندرن اشون نے 18 دسمبر 2024 کو گابا ٹیسٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ وہ آئی پی ایل میں کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے آئی پی ایل 2025 میں چنئی سپر کنگز کے لیے نمائندگی کی، جہاں انہوں نے 9 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور 33 رنز بنائے۔ اگرچہ ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم اشون کی کارکردگی قابل ذکر رہی۔

پاکستان