اہم ترین

شدید بارشیں: بھارت نے ڈیم کھول دیے، پاکستان میں سیلابی صورت حال

بھارت نے گزشتہ دو روز سے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد پاکستان کی جانب پانی روکنے کے لئے بنائے گئے ڈیموں کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں جس سے پاکستان میں شدید سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں گزشتہ روز شروع ہونے والی بارشوں نے 50 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیالکوٹ میں 405 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 6 اگست 1976 میں سیالکوٹ شہر میں 339.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

دوسری جانب بھارت نے کشمیر ریجن کے دریاؤں پر بنے ڈیمز کے تمام دروازے کھول دیےہیں ۔

شدید بارشوں اور بھارت سے آنے والے پانی نے بالائی اور وسطی پنجاب میں سیلاب کی صورت حال پیدا کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں کوٹ نینا کے مقام سے 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی داخل ہو رہا ہے، جسڑ سے 2 لاکھ 29 ہزار، سائفن سے 72 ہزار کیوسک اور شاہدرہ سے 71 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق لاہور، فیصل آباد، قصور، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ اضلاع میں فوج کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی مدد پر مامور کیا گیا ہے۔

پاکستان