حکومت نے ملک بھر میں آج سے یوٹیلیٹی اسٹورز بندکرنے کااعلان کردیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے عہدیداران کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت کی سبسڈی کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز غیر پائیدار تھے۔ اور انہیں ہر ماہ مجموعی طور پر 60 کروڑ روپے نقصان ہورہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے لیے 28.2 ارب روپے کا تاریخی سیورنس پیکج منظور کیا گیا ہے۔ ریگولر ملازمین کے لیے 13.18 ارب روپے ، کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3.6 ارب، ڈیلی ویجرز کو 2.7 ارب دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کی بیواؤں کے لیے 5.7 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ چھوٹے وینڈرز کے لیے 2 ارب روپےرکھے گئے ہیں جب کہ بڑے وینڈرز کے واجبات بھی ادا ہوں گے۔ ناقابلِ استعمال اشیاء واپس نہیں کی جائیں گی تاہم قابلِ استعمال اشیاء واپس کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز 1971 سے عوام کی خدمت میں مصروف رہے۔ انہیں شدید دکھ ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند ہو رہے ہیں۔ سابقہ پیکیج ناکافی تھا، موجودہ پیکیج ہر ملازم کے لیے ریلیف لایا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجرز سب کے لیے رقم مختص کی گئی ہے۔











