دبئی میں جاری ایشیا کپ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے۔ بھارت نے 128 رنز کا ہدف 16 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان نے اپنی اننگز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا، اوپنر صائم ایوب پہلے ہی اوور میں ہاردک پانڈیا کی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ تھما کر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ون ڈاؤن آنے والے محمد حارث بھی زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکے اور دوسرے اوور میں صرف تین رنز بنا کر چلتے بنے۔ یوں دو اوورز میں چھ کے مجموعی سکور پر پاکستان کے دو بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس کے بعد فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر فخر زمان چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے، انہوں نے 17 رنز بنائے۔
اس کے بعد تو پاکستانی بیٹرز کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔کپتان سلمان علی آغا تین، حسن نواز پانچ اور محمد نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان جو کافی دیر سے وکٹ پر موجود تھے، وہ بھی باؤنڈری لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 44 گیندوں میں تین چھکے اور ایک چوکے کی کی مدد سے 40 رنز بنائے۔
ان کے بعد فہیم اشرف 11 اور سفیان مقیم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد صفر اور شاہین شاہ آفریدی 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔اننگز کے آخری اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کی جارحانہ بیٹنگ نے گرین شرٹس کا سکور 127 تک پہنچایا۔ انہوں نے چار چھکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور ناٹ رہے۔
انڈیا نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اوپنر شبمن گل اور ابھیشیک شرما نے پہلے دو اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 22 رنز بنائے۔
انڈیا کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب شبمن گل دوسرے اوور کی آخری گیند پر صائم ایوب کی گیند پر محمد حارث کو کیچ تھما بیٹھے، انہوں نے 10 رنز بنائے۔
انڈیا کی دوسری وکٹ اوپنر ابھیشیک شرما کی صورت میں گری، انہوں نے 31 کے انفرادی سکور پر صائم ایوب کی گیند پر فہیم اشرف کو کیچ پکڑا دیا۔
تلک ورما بھی 31 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے جبکہ کپتان سوریا کمار یادیو 47 اور شیوم دوبے 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔