افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہبت اللہ اخوندزادہ کے حکم پر شمالی صوبہ بلخ میں فائبر آپٹک انٹرنیٹ یعنی وائی فائی خدمات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان حکومت کے صوبائی ترجمان حاجی عطاء اللہ زید نے کہا کہ سپریم لیڈر ہبت اللہ اخوندزادہ کے حکم کے بعد بلخ میں کیبل انٹرنیٹ کی سہولیات میسر نہیں تاہم موبائل انٹرنیٹ خدمات اب بھی فعال رہیں گی۔
حاجی عطاء اللہ زید کے مطابق ضرورتوں کی تکمیل کے لیے ملک کے اندر ہی متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔
افغان طالبان نےکہا ہےکہ وائی فائی کی بندش کا فیصلہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے لیا گیا ہے۔
اگست 2021 میں برسر اقتدار ہونے کے بعد طالبان نے کئی معاشرتی اور ثقافتی پابندیاں عائد کی ہیں، لیکن ایسا پہلی بار ہے جب انٹرنیٹ خدمات پر اس طرح کی براہ راست پابندی عائد کی گئی ہے۔











