ایشیاکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو شکست دے کر سپر 4 میں رسائی حاصل کرلی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ جواب میں یو اے ای 105 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح قومی ٹیم میچ میں 41 رنز سے سرخرو ہوئی۔
پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام
بھارت کی طرح یو اے ای کےخلاف بھی پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا۔ پاکستان کی اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی آؤٹ آف فارم صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے، اوپنر بلے باز کا ایشیا کپ میں یہ مسلسل تیسرا ’صفر‘ ہے، ٹاپ آرڈر بلے باز صاحب زادہ فرحان 5 اور کپتان سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔
مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز صرف 3 ، خوشدل شاہ اور محمد نواز4،4 رنز ہی بنا سکے، محمد حارث 14 گیندوں پر 18 رنز بنا کر جنید صدیق کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔تاہم فخر زمان کی شاندار ففٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے برق رفتار 29 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
یو اے ای کی بیٹنگ بھی فیل
یو اے ای نے 147 رنز کا تعاقب شروع کیا تو ایسالگا کہ پاکستان کو ایک اور تاریخی شکست ہوسکتی ہے لیکن خوش قسمتی سے ایسی صورت حال نہ ہوئی۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 21 رنز پر ملی۔ علی شان شرفو 12رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ قومی ٹیم کو 35 رنز پر دوسری اور 37 رنز پر تیسری کامیابی ملی تو سکون کا سانس ملا۔
اس موقع پر راہول چوپڑا اور دھروو پرشار نے کچھ مزاحمت دکھائی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ پر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ 85 رنز پر دھروو کی شکل میں پاکستان کو چوتھی کامیابی ملی۔ اور اسکے بعد پوری ٹیم 105 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
یو اے ای کی جانب سے راہول چوپڑا نے 35 اور دھروو پرشار نے 20 رنز بنائے۔ محمد وسیم 14 اور علی شان شرفو 12 رنز بناسکے۔ باقی کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسے میں ہی نہ آسکا۔











