بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کےکئی اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد خالی کرالیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے اسکولوں میں بم کی دھمکی بھرے میل آنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مسلسل کئی مہینوں سے کچھ دنوں کے وقفے پر ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ اسکولوں کو میل یا فون کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ہر بار بچوں کو اسکول کیمپس سے باہر نکالا جاتا ہے۔ اسکول بند کروائے جاتے ہیں اور ان کی پڑھائی کو نقصان ہوتا ہے۔ ہر بار پولیس کی ٹیمیں احاطے کی گہرائی سے جانچ کرتی ہیں۔
ہفتے کی صبح بھی کئی اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل ملا ۔انتظامیہ نے اسکول خالی کراتے ہوئے پولیس کو طلب کرلیا۔ اطلاع ملتے ہی بم اسکواڈ، فائر ڈیپارٹمنٹ اور دہلی پولیس کی ٹیمیں الگ الگ اسکول کیمپس میں پہنچیں اور جانچ پڑتال شروع کر دی۔ تاہم انہیں کوئی مشکوک سامان یا دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔
میڈیا کے مطابق اسکولوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں مسلسل مل رہی ہیں۔ تاہم پولیس کا سائبر سیل مسلسل ای میل ٹریک کر کے دھمکیاں دینے والے کا سراغ لگانے میں ناکام ہوا ہے۔











