اہم ترین

بنگلادیشی کوچ نے پاکستان کی جیت کی وجہ بتادی

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کےہیڈ کوچ فل سمنز کےمطابق 3ڈراپ کیچز اور بنگلا دیشی بیٹرز نے پاکستان کی جیت کی راہ ہموارکی۔

گزشتہ روز دبئی میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ایشیا کپ کےسپر 4 مرحلے کا اہم ترین میچ کھیلا گیا۔ جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوالیفائی کرجاتی۔

پاکستان نے بنگلا دیش کو یہ میچ 11 رنزسے ہرا دیا۔ اب فائنل میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوںگے۔

بنگلا دیش کے کوچ فل سمنز نے کہا کہ پاکستانی بیٹرز کے تین کیچ چھوڑنے کے بعد بنگلا دیشی بیٹرز کی “خراب کارکردگی” نے ٹیم کے ایشیا کپ 2025 کے فائنل تک پہنچنے کے موقع کو برباد کر دیا۔

پاکستان 51 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکا تھا جب نورالحسن اور مہدی حسن نے 12ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی کا کیچ چھوڑا۔ آفریدی نے 13 گیندوں پر 19 رنز بناتے ہوئے دو چھکے مارے اور پاکستان کو کچھ رفتار فراہم کی۔ جب وہ آؤٹ ہوئے، تو پرویز حسین ایمن نے محمد نواز کا کیچ صفر پر چھوڑ دیا۔ نواز نے 15 گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکے کے ساتھ 25 رنز بنائے۔

فل سمنز نے کہا کہ جب ہم نے شاہین اور نواز کا کیچ ڈراپ کیا، تب ہی کھیل کا رخ بدل گیا،اس سے پہلے میچ ہمارے کنٹرول میں تھا۔

سیمنز نے کہا کہ بنگلا دیش نے پاکستان سے زیادہ چھکے مارے، لیکن انہوں نے بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش میں کئی وکٹیں بھی گنوائیں۔ ٹیم نے کپتان لٹن داس کی کمی محسوس کی، جو ان فٹ ہونے کی وجہ سے دوسرے مسلسل میچ میں باہر بیٹھے تھے۔

بنگلادیش کے کوچ نے کہا کہ ہمیں کسی خاص اوورز میں ہدف حاصل نہیں کرنا تھا۔ ہمیں صرف میچ جیتنا تھا ۔ ہم نے بہترین شاٹ کے انتخاب نہیں کیے۔ہم نے دو میچ پہلے 169 سری لنکا کے خلاف 169 رنز کا کامیاب تعاقب کیا تھا۔ ہم ایسی ٹیم نہیں جو ایک ہی میچ میں تنزید حسن اور لٹن داس کو کھو کر اس خلا کو بھر سکے۔ ایسے اچھے فارم میں کپتان کا کھونا ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے۔

پاکستان