اہم ترین

پاکستان سے جیت پر ’آپریشن سندور‘ کا تذکرہ: سوریا کمار یادیو پر جرمانہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 14 ستمبر کو دبئی میں پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے بعد سوریا کمار یادیو کی جانب سے ’آپریشن سندور‘ کے تذکرے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان سوریا کمار یادیو نے 14ستمبر کو ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان کے خلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس میں فتح کو پہلگام میں26 بھارتیوں کے قتل اور بھارتی حکومت کے آپریشن سندور کے نام کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلگام دہشت گرد حملے کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔۔۔ یہ جیت ہم اپنی مسلح افواج کے نام کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے بہت بہادری دکھائی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط بھیجا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انڈین کپتان نے جان بوجھ کر پہلگام واقعے اور آپریشن سندور کا حوالہ دیا۔یہ طرزِ عمل ’ضابطہ اخلاق کی رُوح کے خلاف ہے۔

کرکٹ سے متعلق معاملات کی ویب سائیٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف پاکستان کی شکایت کا جائزہ لیا۔

میچ ریفری نے سوریا کمار یادیو کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

دوسری جانب بھارت نے رچی رچرڈسن کے سوریا کمار یادیو کے خلاف اس فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے۔

پاکستان