مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کی وزارتِ دفاع کے لئے چند سروسز بند اور غیر فعال کر دی ہیں۔ معطل کی گئیں خدمات میں مخصوص کلاؤڈ اسٹوریج ، اے آئی سہولیات اور دیگر ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
جاپانی خبر ایجنسی این ایچ کے کے مطابق کمپنی نے اپنی کلاؤڈ اسٹوریج سروس کو غزہ میں فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کے لیے استعمال کرنے کے شواہد سامنے آنے کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔
مائیکرو سافٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم عام شہریوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کو سہولت دینے کے لیے ٹیکنالوجی فراہم نہیں کرتے۔
ٹیک کمپنی نے یہ قدم گزشتہ ماہ برطانوی اخبار دی گارجین نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ مائیکروسافٹ نے 2021 میں اسرائیلی فوج کے ایلیٹ خفیہ ادارے کے یونٹ 8200 کو خصوصی طور پر ڈیزائن شدہ ایک کلاؤڈ اسٹوریج سروس فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
اس معاہدے کے بعد یونٹ 8200 نے مبینہ طور پر ایک ایسا نظام بنانا شروع کیا، جو روزانہ کی بنیاد پر غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی جانب سے کی جانے والی لاکھوں ٹیلی فون کالز کی ریکارڈنگ کو جمع اور محفوظ کرتا ہے۔ اسی ڈیٹا کی مدد سے غزہ میں بمباری کی جاتی ہے۔











