فلیپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں زخمی اور لاپتہ ہیں۔
الزریہ کے مطابق زلزلے کامرکز وسطی فلپائن کے جزیرہ نما صوبہ سیبو کے ساحل کے قریب تھا۔ زلزلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ متعدد عمارتیں، خصوصاً پرانی عمارتیں، مکمل طور پر گر گئیں۔ اس کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔
فلپائن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ امدادی تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں پانی، خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں تاکہ فوری انسانی بحران کو کم کیا جا سکے۔











