چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نےکہا کہ وہ ایشیاکپ کی ٹرافی کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ بھارتی میڈیا حقائق پر نہیں بلکہ جھوٹ پر پروان چڑھتا ہے۔
گزشتہ اتوار بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ اپنےنام کیا۔ بھارتی ٹیم نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینےکا انکار کردیا۔ تو محسن نقوی نے بھی ٹرافی نہیں دی۔
گزشتہ روز دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارت نے ایک مرتبہ پھر ٹرافی کا ذکر چھیڑا تو محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کا کپتان دفتر آئے اور لے جائے۔
اے سی سی کے اجلاس میں معاملہ حل نہ ہواتو بھارتی میڈیا روایتی ہتھکنڈوں پر اتر آیا۔ اور یہ بات پھیلائی جانے لگی کہ محسن نقوی نے معافی مانگی ہے۔
بھارتی میڈیا کے بے سروپا اور بےبنیاد دعوؤں پر محسن نقوی نےسوشل میڈیا پر اپنا جواب دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا حقائق پر نہیں بلکہ جھوٹ پر پروان چڑھتا ہے، میں نے کچھ غلط نہیں کیا ، میں نے بی سی سی آئی سے کبھی معافی نہیں مانگی ہے اور نہ ہی کبھی ایسا کروں گا، یہ خبریں من گھڑت سستے پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں، بھارتی میڈیا کا مقصد صرف اپنے لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹنا جاری رکھے ہوئے ہے، اے سی سی سربراہ کی حیثیت سے اسی دن ٹرافی دینے کے لیے تیار تھا اور اب بھی تیار ہوں، وہ واقعی چاہتے ہیں، تو وہ اے سی سی کے دفتر آئیں اور مجھ سے ٹرافی وصول کریں، میں انہیں خوش آمدید کہوں گا۔











