بھارت کے شہر کانپور میں آسٹریلیا کی اے ٹیم کے کپتان سمیت4 کھلاڑی مبینہ طور پر ہوٹل کا کھانا کھانے کے بعد بیمار ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں انڈیا اے اور آسٹریلیا اے کے درمیان ون ڈے میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے کپتان سمیت سبھی کے پیٹ میں تکلیف ہوئی۔ جن میں فاسٹ بولر ہینری تھارنٹن بھی شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ریجنسی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا
آسٹریلیائی ٹیم منیجر کے مطابق اسپتال بھیجے گئے 4 کھلاریوں میں سے3 کو چھٹی دے دی گئی لیکن ہینری تھارنٹن میں سنگین انفیکشن کی علامات پائی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
آسٹریلیا اے کی میڈیکل ٹیم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کھلاڑیوں کو مقامی کھانے اور پانی سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ریجینسی اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ تھارنٹن کی حالت بہتر ہو رہی ہے، لیکن فی الحال ان کی فیلڈ میں واپسی کے لیے ٹائم لائن غیر یقینی ہے۔ ہوٹل انتظامیہ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
متعلقہ محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہوٹل کے کھانے کے نمونے لیے ہیں لیکن کچھ بھی قابل اعتراض یا نامناسب نہیں ملا۔ ہوٹل کے منیجر کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بیماری کھانے کی وجہ سے نہیں تھی۔ ہو سکتا ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی سے متاثر ہوئے ہوں۔











