علی امین گنڈا پ]ور کے استعفے کے بعد سہیل آفریدی خبیر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تاہم اجلاس کی کارروائی جاری رہی اور 90 ووٹ لے کر سہیل آفریدی خبیر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔
قائد ایوان کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ جن کی اپنی لنگوٹیاں تک پھٹی ہوئی ہیں۔ وہ ہماری پگڑی اچھالنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ میں الیکشن میں مصروف تھا اس لیے آج جواب دے رہا ہوں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں ملوث نہیں ہے اور نہ زرداری، بھٹو یا شریف میرے نام کے ساتھ لگا ہو اہے، بلکہ میں نے خود اپنی قابلیت اور محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، مجھے فخر ہے کہ میں پختون ہوں اور سب سے پہلے پاکستانی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی پرچی یا سازش کے ذریعے اس عہدے تک نہیں پہنچا ۔ میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں، مجھے کسی چیز کا خوف نہیں، میں عشقِ عمران میں مارا جاؤں گا۔میں تخت و تاج دیکھ کر اپنے نظریئے سے ہٹ جاؤں گا، یہ آپ کی بھول ہے۔