اہم ترین

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا : لاہور ٹیسٹ کا دوسرا دن اسپنرز کے نام

لاہور میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا نے 6 وکٹوں کےنقصان پر 216 رنز بنالئے ہیں۔

پاکستان نے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے تھے۔ دوسرے دن سلمان آغا اور محمد رضوان نے اسکور کو 363 تک پہنچایا۔

سلمان آغا اور محمد رضوان نےچھٹی وکٹ پر 163 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ لیکن اس کے بعد 5 وکٹیں صرف 16 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم ہوئی۔ جس میں سلمان آغا اور امام الحق کے 93، 93 رنز، شان مسعود 76، محمد رضوان کے 75 رنز، اسٹار بیٹر بابر اعظم 23، عبداللّٰہ شفیق 2 رنزشامل تھے۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

پاکستان کی اننگز 378 رنز پر ختم ہوئی تو جواب میں جنوبی افریقہ نے 45 رنز بغیر نقصان کے شروعات کی، مگر نعمان نے کپتان ایڈن مارکرم (20) اور ویان ملڈر (17) کو پویلین بھیج کر میچ کا رخ موڑ دیا۔

بعد ازاں رائن ریکلٹن نے 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ٹونی ڈی زورزیکے ساتھ 94 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم آغا سلمان نے ریکلٹن کو بابر اعظم کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔

نعمان نے بعد میں ٹرسٹن سٹبز (آٹھ رنز) اور کائل ویریں (دو رنز) کو بھی آؤٹ کیا، جب کہ ساجد نے ڈیوالڈ بریوس کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔

دوسرے دن کے اختتام پر زورزی 81 رنز اور سینورن متهوسامی چھ رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ مہمان ٹیم کو اب بھی 162 رنز کا خسارہ درپیش ہے۔

پاکستان