پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی’ فرنچائز کی ٹیم، خاص طور پر ہمایوں سعید کی پروڈکشن ٹیم کے رویے پر کھل کر بات کرتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ثروت گیلانی نے متعدد مشہور ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہوں نے ‘جوانی پھر نہیں آنی’ اور اس کے سیکوئل میں بھی یادگار کردار نبھایا تھا۔ تاہم ایک یوٹیوب شو میں بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ‘جوانی پھر نہیں آنی 3’ سے کترارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل میں جوانی پھر نہیں آنی 3 سے بھاگ رہی ہوں، ندیم بیگ بہت پیارے انسان ہیں اور میں ہمایوں سعید اور احمد علی بٹ سمیت اُس ٹیم کو پسند کرتی ہوں، لیکن میں دوبارہ گُل کا کردار نہیں کرنا چاہتی۔
اداکارہ نے اپنے انکار کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ 6 سال بعد دوبارہ کسی ٹیم کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں تو تعلقات بہتر رکھنے چاہئیں، مگر ان لوگوں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے ‘جوانی پھر نہیں آنی 2 کی پروموشنز کے دوران ٹیم کے رویے کو ‘انتہائی غیرپیشہ ورانہ اور نامناسب’ قرار دیا۔
ثروت گیلانی نے الزام لگایاکہ جوانی پھر نہیں آنی کی ٹیم کے افراد لندن جا رہے تھے، میں نے خود اپنی بکنگ کر لی تھی، مگر انہوں نے نہ کوئی جواب دیا، نہ تصدیق کی اور بالکل نظرانداز کر دیا، مجھے لگا کہ انہوں نے میرا استعمال کیا اور کام ختم ہوتے ہی ایک طرف کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پہلی فلم کے دوسرے اسپیل اور پھر دوسری فلم میں بھی ان کے کردار کے حصے کو کاٹ دیا گیا تھا ۔کردار کو بار بار کاٹے جانے کی وجہ سے وہ تیسرے حصے میں کام کرنے سے صاف انکار کر چکی ہیں۔ اگر آپ ایک اداکار کو اس کا حق نہیں دیتے تو یہ سراسر ناانصافی ہے، میں اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی، ایک بار کوئی مجھے بے وقوف بنا سکتا ہے، ہر بار نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ ندیم بیگ اور ہمایوں سعید دونوں کا احترام کرتی ہیں، مگر اب اپنے وقار اور خودداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔