اہم ترین

سلمان خان کی سخت سیکیورٹی میں ریمپ پر واک

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے قریبی دوست اور معروف فیشن ڈیزائنر وکرم فڈنیس کے فیشن شو میں ریمپ واک کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ بلیک شیروانی میں نہایت شاہانہ اور پُر اعتماد انداز میں ریمپ پر جلوہ گر ہیں۔


یہ فیشن شو وکرم فڈنیس کے فیشن انڈسٹری میں 35 سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کیا گیا، جس کا تھیم “ونٹیج انڈیا” تھا۔ اس موقع پر 100 ماڈلز نے مختلف روایتی اور جدید ملبوسات میں ریمپ واک کی۔ شو کے آخر میں سلمان خان شو اسٹاپر کے طور پر نمودار ہوئے، جنہیں دیکھ کر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

سلمان خان نے سیاہ رنگ کے کرتہ پاجامہ کے ساتھ لمبی کڑھائی دار شیروانی اسٹائل جیکٹ زیب تن کی ہوئی تھی۔ ریشمی جیکٹ پر کندھوں، آستینوں اور سینے پر سنہری اور میرون پھولوں کی ہاتھ کی کڑھائی کی گئی تھی، جو وکرم فڈنیس کے کلاسک ڈیزائنز کی جھلک پیش کر رہی تھی۔ ان کا کم سے کم ایکسسریز والا لک اور سلیقے سے بنے بال ان کے شاہانہ اسٹائل کو مزید نکھار رہے تھے۔

جہاں سلمان خان کے لباس اور ریمپ واک نے سب کو متاثر کیا، وہیں ان کی سیکیورٹی ٹیم کی ریمپ کے قریب موجودگی بھی توجہ کا مرکز بنی۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی سلمان خان واک کر رہے تھے، ان کے سیکیورٹی گارڈز قریب کھڑے ہو کر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس سے سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، کیونکہ ان کے گھر کے باہر فائرنگ اور لارنس بشنوئی گینگ کی مبینہ دھمکیوں کے بعد ان کی حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان