امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ بیجنگ کے ساتھ کوکنگ آئل کے کاروبار کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک پیغام میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ چین جان بوجھ کر ہم سے سویا بین نہیں خرید رہا ہے اور ہمارے کسانوں کو مشکلات میں ڈال رہا ہے، جو کہ ایک دشمنی بڑھانے والا قدم ہے۔ ہم اس کا بدلہ لینے کے لیے چین کے ساتھ کھانے پکانے کے تیل اور دیگر تجارتی اشیاء کے لین دین کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس اپنا کوکنگ آئل تیار کرنے کی مکمل صلاحیت ہے اور اسے چین پر انحصار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
اس سے قبل چین نے امریکی سویا بین کی خریداری بند کر کے امریکا کو بڑا اقتصادی جھٹکا دیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ٹریڈ وار (تجارتی جنگ) مزید تیز ہوتی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا واقعی چین کے ساتھ ککنگ آئل کا کاروبار بند کرتا ہے تو یہ بیجنگ کے لیے ایک بڑا معاشی دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔











