قطر اور سعودی عرب نے ایشیائی کوالیفائرز کے چوتھے مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی۔ دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے گروپس میں سرفہرست رہتے ہوئے فائنلز کے لیے براہِ راست کوالیفائی کیا۔
دوحا میں کھیلے گئے گروپ “اے” کے اہم میچ میں قطر نے متحدہ عرب امارات کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے سال امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
قطر کی جانب سے کپتان بوعلام خوخی اور پیڈرو میگوئل نے دوسرے ہاف میں گول اسکور کیے۔
قطر کے کھلاڑی طارق سلمان کو میچ کے آخری لمحات میں خطرناک ٹیکل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جب کہ متحدہ عرب امارات نے انجری ٹائم میں سلطان عادل کے ذریعے ایک گول کیا، مگر قطر نے برتری برقرار رکھتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ قطر نے بیرونِ ملک ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے میرٹ پر کوالیفائی کیا ہے۔
سعودی عرب کی بھی انتڑی پکی
جدہ میں کھیلے گئے گروپ “بی” کے میچ میں سعودی عرب نے عراق کے خلاف 0-0 سے ڈرا کھیل کر ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی سعودی ٹیم مسلسل تیسرے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔
2034 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے منتخب سعودی عرب کو صرف ایک ڈرا درکار تھا، جو انہوں نے شاندار دفاعی کھیل کے ساتھ حاصل کر لیا۔
عراق نے آخری بار 1986 میں ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا، وہ اب بھی ورلڈکپ تک رسائی کی دوڑمیں شامل ہے۔ اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے خلاف دو میچوں کی سیریز کھیلے گا۔ اس سیریز کے فاتح کو انٹرکانٹینینٹل پلے آف کے ذریعے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کا ایک اور موقع ملے گا۔











