بالی ووڈ اداکار رجت بیدی ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں وہ آریان خان کی ویب سیریز “دی بیڈز آف بالی ووڈ” میں نظر آئے، جہاں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ تاہم، ایک پرانی بات نے ایک بار پھر توجہ حاصل کر لی۔ یہ خبر کہ سلمان خان نے انہیں اپنی فلم “رادھے” سے نکال دیا تھا۔ اب رجت بیدی نے خود اس بات کی حقیقت سب کے سامنے رکھ دی ہے۔
رجت بیدی نے ایک حالیہ انٹرویو میں سلمان خان کے ساتھ مبینہ انبن کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل غلط معلومات ہے! سلمان بھائی مجھے اور میرے خاندان کو بہت عزت دیتے ہیں۔ وہ میرے بیٹے سے بھی بہت محبت کرتے ہیں۔ میں ان سے دل سے پیار کرتا ہوں۔ براہِ کرم غلط خبریں پھیلانا بند کریں۔
رجت نے مزید بتایا کہ سلمان بھائی کی پروڈکشن کمپنی نے مجھے فلم ‘رادھے’ کے لیے کال کی تھی۔ جب بھائی کو پتہ چلا کہ کون سا رول میرے لیے تجویز کیا گیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ بیٹا، یہ رول تم نہیں کرو گے۔ میں تمہیں کچھ بہتر دوں گا۔ان کا مقصد مجھے بچانا تھا، کوئی نیگیٹو بات نہیں تھی۔
بھارتی اداکار نے واضح کیا کہ ان کے اور سلمان کے درمیان کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا تنازع نہیں ہے۔ بلکہ سلمان خان نے ہمیشہ ان کی عزت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ غلط فہمیوں پر یقین نہ کریں اور غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔











