امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازع جاری ہے لیکن اگر مجھے یہ مسئلہ حل کرنا پڑا تو میں یہ آسانی سے کرلوں گا۔
واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انھیں امریکا کا انتظام بھی چلانا ہے لیکن مجھے جنگیں رکوانا بہت پسند ہیں۔مجھے لوگوں کی اموات رُکوانا بہت پسند ہے اور میں نے لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر سے ملاقات کے دوران ٹرمپ نے ایک بارپھر کہا کہ بھارت اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ ہنگری روس سے تیل خریدنے پر مجبور ہے کیونکہ اس کے پاس صرف ایک پائپ لائن کنکشن ہے۔
امریکی صدر کا کہناتھاکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال بہت زیادہ پیچیدہ ہے۔ 59 ممالک اس میں شامل تھے لیکن سب نے اتفاق کیا۔ بہت سے لوگوں نے سوچا کہ یہ ناممکن ہے، لیکن ہم نے کر دکھایا۔ مجھے یقین ہے کہ روس یوکرین تنازع بھی حل ہو جائے گا۔ ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی اور محسوس ہوا کہ پوتن بھی معاہدے کے حق میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روانڈا اور کانگو جائیں، بھارت اور پاکستان سے بات کریں۔ جب بھی میں کہیں جنگ رکواتا ہوں، لوگ کہتے ہیں، اگر آپ نے اگلی جنگ بھی رکوادی، تو آپ کو نوبل انعام ملے گا۔مجھے نوبل نہیں ملا، ایک بہت اچھی خاتون کو ملا۔ مجھے ان چیزوں کی پرواہ نہیں، مجھے صرف جان بچانے کی فکر ہے۔