اہم ترین

تیسرے بچےکی پیدائش کے بعد ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی: ثروت گیلانی

اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ تیسرے بچےکی پیدائش کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں، جس سے چھٹکارے کے لئے انہوں نے ڈراما بریانی میں کام کیا ۔

ثروت گیلانی نے انٹرویو میں اپنی زندگی کے ایک انتہائی نجی اور اہم دور پر کھل کر بات کی، جس میں ان کے پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے تجربے اور اداکاری کے ذریعے اس سے نجات پانے کا سفر شامل ہے۔

ثروت گیلانی نے انکشاف کیا کہ تیسرے بچے کی پیدائش کے بعد وہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن کا شکار ہوئیں، جو کہ پہلے دو بچوں کے بعد انہیں نہیں ہوا تھا۔ اس ذہنی دباؤ سے نکلنے کے لیے انہوں نے ایک اہم حکمت عملی اپنائی۔خود کو مصروف رکھنا شروع کیا، اور اداکاری نے ریلیف کا کام کیا۔

اداکارہ نے خواتین کی ذہنی صحت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم نکتہ اٹھایا۔ ان کا ماننا ہے کہ ہر عورت کو چاہیے کہ وہ ایک سے زیادہ کاموں میں خود کو مصروف رکھے۔ اگر وہ کوئی ملازمت پیشہ ہے تو ساتھ میں کوئی اور ہنر بھی سیکھے تاکہ ڈپریشن یا ذہنی دباؤ کے وقت خود کو سنبھال سکے۔

ثروت گیلانی نے اپنے انٹرویو میں ویب سیریز اور روایتی ٹی وی ڈراموں میں کام کے فرق پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی ڈرامے میں کام کا انداز نسبتاً سست اور وقت طلب ہوتا ہے۔ جبکہ ویب سیریز میں اداکار کو تیزی سے جذبات کا اظہار کرنا پڑتا ہے۔ ایک جذباتی منظر کے لیے جہاں ڈرامے میں 15 سیکنڈ کا وقت ہوتا ہے، وہی سین ویب سیریز میں صرف 4-5 سیکنڈز میں کرنا ہوتا ہے۔

ثروت نے اعتراف کیا کہ ویب سیریز نے انہیں اداکاری کا ایک نیا زاویہ سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ویب سیریز کا بنیادی مقصد معاشرتی حقیقتوں کی عکاسی کرنا ہوتا ہے۔ خواتین کی اسکرین پر سگریٹ نوشی کو ‘آزادی’ سے جوڑنا درست نہیں۔ یہ صرف ایک کردار کی ضرورت اور ہمارے معاشرے کا عکس ہوتا ہے۔

پاکستان