اہم ترین

ایران سے میزائلوں کے پرزے یمن پہنچانے کا الزام، پاکستانی شہری کو 40 برس قید کی سزا

امریکی ریاست ورجینیا کی عدالت نے ایران سے بیلسٹک میزائل کے پرزہ جات اور دیگر ہتھیار یمن پہنچانے کے الزام میں محمد پہلوان نامی پاکستانی شہری کو 40 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

بی بی سی کے مطابق امریکی فوج نے جنوری 2024 میں بحیرہ عرب میں ایک کارروائی کی تھی۔ جس میں امریکی بحریہ کے 2 اہلکار ڈوب کر مر گئے تھے۔ اسی کارروائی کے دوران امریکا نے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت محمد پہلوان کے نام سے ظاہر کی گئی۔

امریکی ریاست ورجینیا کی عدالت میں کارروائی کے دوران محمد پہلوان کے ساتھ گرفتار کئے گئے دیگر افراد اس کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ انہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ انہیں جہاز میں ہتھیاروں کی موجودگی کا علم ہی نہیں تھا۔ وہ تو پہلوان کے ساتھ مچھلی کے شکار کے لئے نکلے تھے۔

امریکی وفاقی استغاثہ نے اس مقدمے کی سماعت کے بعد کہا کہ پہلوان کی کشتی سے ملنے والے پرزے کچھ جدید ترین ہتھیاروں کے نظام تھے جو ایران دیگر گروہوں تک پہنچاتا ہے۔پہلوان اس سے قبل اکتوبر اور دسمبر 2023 میں اس نوعیت کے کامیاب سفر کر چکے تھے۔ انھوں نے اس کام میں مدد کے لیے 12 لوگوں کو بھرتی کیا جن سب کا تعلق پاکستان سے تھا اور یہ لوگ روزگار کی تلاش میں سرحد پار ایران گئے تھے۔

محمد پہلوان کو عدالت پہلےہی دہشت گردی اور تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی اسمگلنگ سمیت پانچ الزامات پر مجرم قرار دے چکی تھی لیکن انہیں اب 40 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

پاکستان