پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا
میدیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان سے ون ڈے فارمیٹ کے لئے قومی ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا کپتانی کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ بال فارمیٹ میں ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے باضابطہ طور پر پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو ایک خط لکھا ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس خط میں کپتانی کے فیصلے کو حتمی شکل دینے کے لیے سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے سفارش کی گئی ہے۔ چیئرمین محسن نقوی نے یہ خط سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹیوں کو بھیج دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کمیٹیاں20 اکتوبر کو ملاقات کریں گی، اور اسی اجلاس میں او ڈی آئی ٹیم کے کپتان کے بارے میں حتمی فیصلہ کیے جانے کی توقع ہے۔