اہم ترین

امن چاہتے ہیں مگر جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کہنا ہےکہ پاکستان علاقائی امن و استحکام چاہتا ہے، تاہم اگر کسی بھی ملک نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی براہِ راست یا بالواسطہ تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا ۔

آئی ایس پی آر کےمطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، نے آج جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جہاں کے عوام نہایت محبِ وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم ہیں ، یہی صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بلوچستان کے سماجی و اقتصادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے عوامی شراکت کے اصول پر مبنی ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں اقتصادی مواقع کے بھرپور امکانات موجود ہیں، جنہیں عوامی فلاح کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا، اور کہا کہ نوجوان ملک کے پائیدار ترقیاتی سفر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ منفی سیاسی ایجنڈوں سے خود کو دور رکھیں۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ بھارت کی پشت پناہی یافتہ سازشیں فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج بلوچستان میں تشدد اور انتشار پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے تاکہ صوبے میں دیرپا امن قائم ہو۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام چاہتا ہے، تاہم اگر کسی بھی ملک نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی براہِ راست یا بالواسطہ تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ عوام کی زندگی اور سلامتی کا ہر ممکن تحفظ کیا جا سکے۔

پاکستان