بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
جمعرات کو ایڈیلیڈ میں جاری میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی۔
کپتان شبمن گل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی ساتویں اوور میں کریز پر آئے، مگر صرف چار گیندیں کھیلنے کے بعد آسٹریلوی فاسٹ بولر زیویئر بارٹلیٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ریویو لینے سے انکار کیا اور اپنی پسندیدہ غیر ملکی پچ پر پہلی بار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
VIRAT KOHLI GONE FOR HIS SECOND DUCK OF THE SERIES!#AUSvIND | #PlayoftheDay | @BKTtires pic.twitter.com/jqIdvMeX9T
— cricket.com.au (@cricketcomau) October 23, 2025
وراٹ کوہلی اپنے 304 ون ڈے میچوں کے کیریئر میں مسلسل دو بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 2021 میں وہ احمدآباد میں ایک ٹیسٹ اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل میں لگاتار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
آسٹریلیا کے خلاف یہ ان کے کیریئر کا چوتھا ’ڈک‘ تھا، جب کہ مجموعی طور پر اب تک وہ بین الاقوامی کیریئر میں 40ویں بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کوہلی کا ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے، جہاں وہ مجموعی طور پر پانچ سنچریوں کے ساتھ غیرملکی بلے بازوں میں سب سے زیادہ 975 رنز بنا چکے ہیں۔









