اہم ترین

ایمیزون کا 14000 کارپوریٹ ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

دنیاکی صف اول کمپنیوں میں سے ایک ایمیزون نے اپنے کارپوریٹ شعبے میں تقریباً 14000 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہےجب کہ سال کےآخرتک یہ تعداد 30 ہزار ہوجائے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام اس کمپنی کی طرف سے جاری کی جانے والی تنظیمی تبدیلیوں اور مصنوعی ذہانت (AI) کی جانب شدت سے منتقل ہونے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

ایمیزون کے مطابق اس کٹوتی کا مقصد کمپنی کے اندر انتظامی سُست روی کو کم کرنا، انتظامی پرتوں کی تعداد گھٹانا اور وسائل کو اے آئی اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر جیسے ان شعبوں کی سمت منتقل کرنا ہے جہاں کمپنی کا بڑا سرمایہ لگ رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق فارغ کئے جانے والے ملازمین کو تقریباً 90 دنوں کا وقت دیا جائے گا کہ وہ کمپنی کے اندر اپنی جگہ تلاش کریں۔ اگر وہ جگہ نہ پائیں یا تلاش نہ کرنا چاہیں تو ان کو ریٹائرمنٹ پیکج، اسپیشل سپورٹ، صحت کی سہولیات وغیرہ دی جائیں گی۔

کمپنی کا بیان ہے کہ کٹوتی ہر شعبے میں نہیں بلکہ مخصوص شعبوں میں ہے — اور کمپنی اب بھی مخصوص شعبوں، مثلا اے آئی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، لاجسٹکس وغیرہ میں بھرتی جاری رکھے گی۔

ایمیزون نے کورونا وبا کے دوران بڑے پیمانے پر ملازمین بھرتی کئے تھے اور اب کمپنی اس حد کو درست کرنے اور اخراجات کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پاکستان