اہم ترین

سردی شروع ہوتے ہی آپ کی انگلیاں سوجھ جاتی ہیں؟ جانیں اصل وجہ

پورے ملک میں ہلکی ٹھنڈ اور ٹھنڈی ہوائیں محسوس کی جانے لگی ہیں۔  لیکن یہ سردی صرف باہر کے موسم کو نہیں بدلتی بلکہ جسم پر بھی اثر ڈالتی ہے۔کئی لوگ شکایت کرتے ہیں کہ جیسے ہی ٹھنڈ بڑھتی ہے، ہاتھ پیر کی انگلیاں سوج جاتی ہیں اور ان میں خارش یا درد ہونے لگتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق یہ مسئلہ دراصل دوران  خون میں کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ خاص طور پر خواتین میں یہ تکلیف زیادہ دیکھی جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ سرد موسم میں جسم کی رگیں سکڑنے لگتی ہیں،جس سے خون کا بہاؤ سست ہو جاتا ہے۔ ایسے میں انگلیوں تک خون کی مقدار کم پہنچتی ہے اور جلد لال یا نیلی ہو جاتی ہے۔

اگر کوئی شخص زیادہ دیر تک ٹھنڈے ماحول میں رہتا ہے،تو انگلیوں میں سوجن، خارش اور درد بڑھنے لگتا ہے۔ اسےعام زبان میں فراسٹ بائیٹ کہا جاتا  ہے۔

خواتین میں یہ مسئلہ زیادہ ہوتا ہے

ڈاکٹرز کے مطابق عورتوں میں یہ تکلیف مردوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ خواتین روزمرہ میں ٹھنڈے پانی سے زیادہ کام کرتی ہیں۔

ٹھنڈے پانی کے بار بار رابطے سے ہاتھوں کی جلد سکڑ جاتی ہےاور خون کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس سے سوجن اور خارش کی شکایت بڑھ جاتی ہے۔

اگر آپ کے ہاتھ یا پیر کی انگلیاں سردی میں سوجنے لگیں تو گھبرانےکی بات نہیں بس چند احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

دستانے اور جرابیں پہن کر ہاتھ پیر کو گرم رکھیں۔ خود کو  فوراً آگ یا ہیٹر کے پاس نہ لے جائیں۔ آہستہ آہستہ جسم کا درجہ حرارت نارمل کریں۔  جلد خشک رکھیں تاکہ نمی کی وجہ سے خون کی روانی مزید متاثر نہ ہو۔  زیادہ درد یا سوجن ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

کب خطرناک بن سکتا ہے یہ مسئلہ؟

اگر انگلیوں میں مسلسل درد، رنگت میں تبدیلی، یا زخم ہونے لگیں، تو اسے نظرانداز نہ کریں۔ یہ علامات کسی بلڈ سرکولیشن ڈس آرڈر کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ ایسے کیسز میں علاج میں تاخیر نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان