اہم ترین

انسٹاگرام کی من مانی ختم! اب ریلز دیکھنے میں چلے گی صرف آپ کی مرضی

انسٹاگرام صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ اب پلیٹ فارم پر ریلز دیکھنے کا اختیار مکمل طور پر صارفین کے ہاتھ میں ہوگا، کیونکہ کمپنی ایک نیا فیچر لانے جا رہی ہے جو الگورتھم کے خودکار فیصلوں کو محدود کرے گا۔

ابھی تک انسٹاگرام کھولنے پر الگورتھم اپنی مرضی سے ویڈیوز اور ریلز دکھاتا ہے۔ چاہے وہ آپ کی دلچسپی کے موضوع سے تعلق رکھتی ہوں یا نہیں۔ مگر یہ صورتحال اب بدلنے والی ہے۔

انسٹاگرام نے ایک نئے فیچر کی ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے جس کے بعد صارفین اپنی ریلز اور ایکسپلور فیڈ کے مواد کو اپنی پسند کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔ فی الحال یہ فیچر صرف چند صارفین کے لیے دستیاب ہے، مگر جلد ہی اسے عالمی سطح پر جاری کیا جائے گا۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق کمپنی نے ایک ایسا نیا ٹیسٹ شروع کیا ہے جس کے تحت صارفین اپنی مرضی سے دلچسپی کے موضوعات  شامل یا حذف کر سکیں گے۔

ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف ریلز سیکشن میں دستیاب ہوگا، جبکہ بعد میں اسے ایکسپلور فیڈ میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس فیچر کے آنے کے بعد صارف یہ طے کر سکیں گے کہ وہ اپنے فیڈ میں کن موضوعات سے متعلق ریلز زیادہ یا کم دیکھنا چاہتے ہیں۔

یہ اپڈیٹ صارفین کو اپنے انسٹاگرام مواد پر زیادہ کنٹرول اور شفافیت فراہم کرے گی۔

گزشتہ کچھ عرصے سے انسٹاگرام اپنے ریکمینڈیشن سسٹم کو زیادہ شفاف بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔

کمپنی پہلے ہی حساس مواد کو محدود کرنے، والدین کے کنٹرول کو بہتر بنانے اور غیر ضروری پوسٹس کو ہائڈ کرنے جیسے کئی فیچرز شامل کر چکی ہے۔

حال ہی میں انسٹاگرام نے ایک اور کارآمد فیچر واچ ہسٹری بھی لانچ کیا ہے۔

اس کے ذریعے صارفین اپنی پہلے دیکھی گئی ریلز کو دوبارہ دیکھ سکیں گے۔  اس میں تاریخ، ہفتہ، مہینہ یا کسی مخصوص دن کی بنیاد پر ریلز تلاش کرنے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان