اہم ترین

اب پروفائل پر لگائیں کور فوٹو: واٹس ایپ پر آنے والا ہے فیس بک جیسا نیا فیچر

واٹس ایپ ایک بار پھر اپنے صارفین کے لیے بڑا فیچر متعارف کرانے کی تیاری میں ہے۔  اس بار کمپنی فیس بک کی طرح کور فوٹو فیچر پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی پروفائل کو پہلے سے زیادہ دلچسپ، ذاتی اور منفرد بنا سکیں گے۔

اب تک صارفین صرف پروفائل فوٹو کے ذریعے اپنی پہچان ظاہر کرتے تھے، لیکن جلد ہی وہ اپنے موڈ، اسٹائل یا شخصیت کے مطابق کَوَر امیج بھی لگا سکیں گے۔

ویبیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر اس وقت بیٹا ورژن میں ٹیسٹ ہو رہا ہے۔ کَوَر فوٹو آپشن واٹس ایپ کی پروفائل سیٹنگز میں دستیاب ہوگا۔

یہ فیچر صارفین کو اپنی پروفائل فوٹو کے اوپر ایک وسیع اور نمایاں تصویر لگانے کی سہولت دے گا — بالکل ویسے ہی جیسے ایکس، فیسبک اور لنکڈان پر ہوتا ہے۔

صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگز کے مطابق طے کر سکیں گے کہ کَوَر فوٹو سب کو نظر آئے، صرف خاص لوگوں کو یا پھر کسی کو نہیں

فی الحال یہ فیچر اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرکے لیے محدود پیمانے پر دستیاب ہے۔اگلے چند ہفتوں میں اس کی رسائی مزید صارفین تک بڑھائی جائے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ بزنس پروفائلز میں یہ فیچر پہلے سے موجود ہے، لیکن اب کمپنی اسے عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرانے جا رہی ہے۔

یہ نیا فیچر Meta کے اس منصوبے کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت وہ اپنے تمام پلیٹ فارمز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو ایک جیسے ویژول اور یوزر ایکسپیرینس میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسی دوران واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر اے آئی چیٹ بوٹس کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بھی نظر سخت کر دی ہے۔ میٹا  نے اب ایسے ڈیولپرز کو روکنا شروع کر دیا ہے جو واٹس ایپ پر اپنے اے آئی بَوٹس لانچ کر رہے تھے۔

یہ نئی پالیسی چیٹ جی پی ٹی  اور پرپلیکسٹی جیسے پلیٹ فارمز کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ واٹس ایپ کے ذریعے صارفین تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔

پاکستان