چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے، کشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں، آپ کو مایوس نہیں کروں گا، نئے وزیراعظم کا اعلان کشمیر سے ہوگا، اسلام آباد سے نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ آزاد کشمیر کے مسائل کا سیاسی حل موجود ہے اور مسائل کا حل نکالنا ہی پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی بنیاد کشمیر کی وجہ سے رکھی گئی، پیپلز پارٹی کشمیر کے لیے 3 نسلوں سے لڑ رہی ہے، ہر فورم پر کشمیر کے عوام کا مقدمہ لڑا ہے۔ ہم نے گزشتہ الیکشن میں حصہ لیا، اس الیکشن کے وقت عمران خان کی حکومت میں تھی، اسٹیبلشمنٹ کے معاملات آپ کے سامنے تھے، سب حالات کے باوجود ہم نے الیکشن جیتا تھا، تاہم انہوں نے ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا۔
بلاول بھٹو زراداری نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے، اسمبلی کا بقیہ جتنا بھی وقت رہ گیا ہے، اس میں ان کی خدمت کریں گے، وزیراعظم اور ہمارے رکن قانون ساز اسمبلی عوام کے لیے دستیاب ہوں گے، اگر خدمت نہ ہو سکی تو اس کا ذمہ دار بلاول بھٹو زرادری ہوگا۔










