اہم ترین

کرکٹ کےمیدان میں ایک اور پاک بھارت ٹاکرے کی تیاریاں

وہ لمحہ جس کا کرکٹ دیوانوں کو انتظار تھا، آخر کار آ ہی گیا! جی ہاں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور ٹکراؤ بس دو دن ہی دور ہے — مگر اس بار ورلڈ کپ نہیں، بلکہ ہانگ کانگ سکسز 2025 کے میدان میں چھ اوورز کی تیز رفتار، تفریحی اور تھوڑا سا “اوور ایکٹنگ” سے بھرپور کرکٹ ہونے جا رہی ہے۔

یہ ٹورنامنٹ 7 نومبر سے 9 نومبر تک ٹن کونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں ہر میچ صرف چھ چھ اوورز پر مشتمل ہوگا یعنی بیٹسمینوں کے لیے “مارو یا مرو” اور بولرز کے لیے “پکڑو یا بھاگو” والا فارمولا!

بھارتی ٹیم کی مہم کا آغاز 7 نومبر کو پاکستان کے خلاف دھماکیدار میچ سے ہوگا۔ اگلے دن کویت سے مقابلہ ہے، اور پھر افغانستان کے ساتھ زور آزمائی۔ اس کے بعد جو ٹیمیں بچ جائیں گی، وہ سیمی فائنل اور فائنل میں قسمت آزمائیں گی۔

کرکٹ شائقین کے لیے یہ میچ نہ صرف دلچسپ بلکہ اعصاب شکن ہونے والا ہے کیونکہ چھ اوورز میں اگر ایک اوور بھی خراب ہو گیا تو میچ گیا ہاتھ سے اور دل گیا قابو سے!

ہانگ کانگ کے میدان میں دونوں ٹیموں کے مداح اب یہی دعا کر رہے ہیں کہ بارش نہ ہو، انٹرنیٹ چلتا رہے، اور دل کا بلڈ پریشر قابو میں رہے — کیونکہ جب بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں، تو چھ اوورز بھی چھ گھنٹے لگتے ہیں

پاکستان