دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کو اب ایک ایسا تنخواہ کاایسا پیکج ملنے جا رہا ہے جو شاید تاریخ کا سب سے بڑا ہو اوراس کی مالیتایکہزارارب ڈالر تک ہوسکتی ہے۔
اے ایف پی کےمطابق ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے بھاری اکثریت سے اپنی کمپنی کے سی ای او کی تنخواہ کی منظوری دے دی۔
ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ٹیسلا کی سالانہ میٹنگ میں ایلون مسک ایک انسان نما روبوٹ کے ساتھ اسٹیج پر جھومتے ہوئے نظر آئے اور بولےہم صرف ایک نیا باب نہیں لکھ رہے… بلکہ ٹیسلا کی کہانی کی ایک نئی کتاب کھولنے جا رہے ہیں۔ یہ بہت بڑا ہونے والا ہے ۔
ایلون مسک کا ایک ہزار ارب ڈالر والا خواب آسان نہیں۔ کیونکہ مسک کو اگلے دس سال میں ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو 1.5 ٹریلین سے بڑھا کر 8.5 ٹریلین ڈالر تک لے جانی ہوگی، 2 کروڑ گاڑیاں فروخت کرنی ہوں گی، 10 لاکھ روبو ٹیکسیز سڑکوں پر لانی ہوں گی، اور 10 لاکھ روبوٹس بیچنے ہوں گے۔ ساتھ ہی کمپنی کے بنیادی منافع میں 400 ارب ڈالر کا اضافہ کرنا ہوگا۔
اس کے بدلے مسک کو 42 کروڑ 37 لاکھ نئے شیئرز ملیں گے ۔ کیونکہ اگر تمام ہدف پورے ہوئے تو ان کی مالیت ایک ٹریلین ڈالر تک جا پہنچے گی۔
ووٹنگ کے فوراً بعد ٹیسلا کے شیئرز میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے سرمایہ کاروں نے مسک پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
اگرچہ ناروے کے خودمختار دولت فنڈ اور بڑی مشاورتی کمپنیوں جیسے گلاس لیوس اور انسٹی ٹیوشنل شیئر ہولڈر سروسز نے اس منصوبے کی مخالفت کی تھی، مگر مسک کے مداحوں اور حامی شیئر ہولڈرز نے سب اعتراضات کو بہا کر رکھ دیا۔
ٹیسلا بورڈ کے مطابق یہ تاریخی معاوضہ اس لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ مسک کمپنی کے ساتھ وفادار اور متحرک رہیں۔
کمپنی کےبورڈ چیئرمین رابن ڈین ہولم نے کہا کہ اگر یہ پیکج مسترد ہوا تو ایلون مسک ٹیسلا چھوڑ سکتے ہیں ،اور ہم یہ خطرہ نہیں لے سکتے۔
یاد رہے مسک پہلے ہی اسپیس ایکس، ایکس اے آئی اور کئی دیگر کمپنیوں کے سربراہ ہیں، اور اکثر سیاست اور سوشل میڈیا میں اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔











