دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک شاندار نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے، جو آپ کے چیٹنگ کے انداز کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دے گا۔ اس نئے فیچر کا نام تھرڈ پارٹی چیٹ ہے اور اس کے ذریعے آپ مختلف چیٹ ایپس پر آنے والے پیغامات کا جواب واٹس ایپ پر بیٹھے بیٹھے دے سکیں گے۔ اب نہ ایپ بدلنے کی جھنجھٹ، نہ بار بار لاگ اِن اور لاگ آؤٹ کرنے کی ضرورت!
یہ فیچر واٹس ایپ کو دوسرے چیٹ پلیٹ فارمز سے جوڑنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے دوست کسی اور میسجنگ ایپ — جیسے سگنل، ٹیلیگرام یا کسی اور سپورٹڈ ایپ پر ہیں، تو آپ ان سے سیدھا واٹس ایپ پر ہی بات کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر یہ فیچر صرف ون ٹو ون چیٹس کے لیے دستیاب ہوگا، لیکن واٹس ایپ مستقبل میں گروپ چیٹس کے لیے بھی اس کی سہولت دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر یورپ کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مختلف چیٹ ایپس کے درمیان کراس پلیٹ فارم کمیونیکیشن کو فروغ دینا ہے۔
اس کے ذریعے صارفین واٹس ایپ چھوڑے بغیر دوسرے ایپس کے یوزرز کے ساتھ میسجز، فوٹوز، ویڈیوز اور ڈاکیومنٹس کا تبادلہ کر سکیں گے۔
یعنی آپ ایک ہی ایپ سے اپنی تمام چیٹس، چاہے وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر ہوں، مینیج کر سکیں گے
رپورٹس کے مطابق صارفین اس فیچر کو خود آن کر سکیں گے۔ واٹس ایپ میں جا کر اکاؤنٹ سیٹنگ کھولیں، وہاں آپ کو ایک نیا آپشن تھرڈ پارٹی چیٹ کے نام سے دکھائی دے گا۔
اسے ایکٹیویٹ کرنے کے بعد واٹس ایپ آپ کو دوسرے ایپس سے جڑنے کی اجازت دے گا۔ اس کے بعد آپ دوسرے پلیٹ فارمز کے یوزرز سے بات چیت، تصاویر اور ویڈیوز کا تبادلہ ایسے ہی کر سکیں گے جیسے آپ واٹس ایپ پر عام دوستوں سے کرتے ہیں۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں موجود ہے ۔ آئی او ایس کے بیٹا ورژن 25.32.10.72 اور اینڈرائیڈ کے بیٹا 2.25.33.8 میں اسے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ آنے والے ہفتوں میں یہ سبھی صارفین کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔











