اہم ترین

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں: شہادتیں 69 ہزار سے تجاوزکرگئیں

اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری، جنگ بندی کے باوجود غزہ میں کم از کم تین فلسطینی شہید، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر گئی

امریکا کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک 240 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں کل 69 ہزار 169 افراد شہید ہو چکے ہیں، کیونکہ ملبے سے مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور متعدد افراد کی شناخت مکمل کی گئی ہے۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے الفرعہ پناہ گزین کیمپ میں ایک کارروائی کے دوران احمد دعوشہ کو گولی مار دی، جو بعد میں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسری جانب حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کے رفح کے قریب ایک سرنگ سے اسرائیلی افسر ہدار گولڈن کی باقیات برآمد کر لی ہیں، جو 2014 میں اسرائیلی جارحیت کے دوران گرفتار ہونے کے بعد ہلاک قرار دیے گئے تھے۔

پاکستان