بالی وُڈ کے معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی شادی شدہ زندگی اور شوہر کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا اور گووندا کا ازدواجی سفر آسان نہیں رہا، تاہم دونوں نے اپنے خاندان کے لیے ہر چیلنج کا سامنا کیا۔
پنک ولا نامی بھارتی ویب سائیٹ کو دیے گئے انٹرویو میں سنیتا نے گوودنا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جوانی میں غلطیاں کرتے ہیں، میں نے بھی کی ہیں اور گووندا نے بھی۔ لیکن جب آپ ایک خاص عمر کو پہنچ جاتے ہیں تو غلطیاں کرنا اچھا نہیں لگتا۔ آپ کا ایک خوبصورت خاندان ہے، بیوی اور بچے ہیں، تو کیوں ایسا کریں؟”
انہوں نے مزید کہا کہ میں آج زندہ ہوں کیونکہ میں اپنے بچوں سے بہت پیار کرتی ہوں۔ جب میری بیٹی ٹینا چھوٹی تھی اور اگر وہ اپنے والد کا انتخاب کرتی تو میں ناراض ہو جاتی۔ میں اور میرا بیٹا یش بہت قریب ہیں۔ وہ اور ٹینا مجھے اکثر باہر لے جاتے ہیں، کیونکہ میری کوئی دوست نہیں۔ میں دوستی پر یقین نہیں رکھتی۔
گووندا کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنیتا نے کہا کہ وہ ایک ہیرو ہیں۔ اسٹار کی بیوی بننے کے لیے آپ کو بہت مضبوط عورت ہونا چاہیے، آپ کا دل پتھر کا ہونا چاہیے۔ مجھے یہ سمجھنے میں 38 سال لگے۔ جب میں جوان تھی تو میں یہ برداشت نہیں کر پاتی تھی کہ وہ ہیروئنز کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اگلی زندگی میں بھی گووندا کو اپنا شوہر بنانا چاہیں گی تو سنیتا نے دوٹوک جواب دیا کہ نہیں، میں نے اسے پہلے ہی کہہ دیا تھا۔ گووندا ایک بہت اچھا بیٹا ہے، بہت اچھا بھائی ہے، لیکن اچھا شوہر نہیں ہے۔ میری اگلی زندگی میں وہ میرے بیٹے کے طور پر پیدا ہوں، لیکن شوہر کے طور پر نہیں۔ ایک زندگی میں ساتھ رہنا کافی ہے۔










