سری لنکن کرکٹ ٹیم کپتان چریتھ اسالانکا کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی۔ ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 11 سے 15 نومبر کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جب کہ سہ فریقی ٹی20 سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوگی۔
تین ملکی ٹی20 سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ابتدائی طور پر افغانستان کو اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا تھا، تاہم کشیدہ حالات کے باعث افغان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
گزشتہ ہفتے سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ون ڈے اور سہ فریقی ٹی20 سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ ٹیم کی قیادت چریتھ اسالانکا کو سونپی گئی ہے جو دونوں فارمیٹس میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے محکمہ داخلہ نے دونوں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی لاہور میں جبکہ تین تین کمپنیاں راولپنڈی میں تعینات کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز فضائی نگرانی میں مدد فراہم کریں گے۔ فوجی دستے آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت تعینات کیے جائیں گے تاکہ غیر ملکی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔











