اہم ترین

وہائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد کےلئے عشائیہ، رونالڈو پر سب کی توجہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں جو پرتکلف عشائیہ دیا، اس میں ایک ایسا چہرہ بھی دکھائی دیا جس نے پورے ہال کا ماحول بدل کر رکھ دیا—دنیا کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو۔

تقریب میں مہمانوں کی آمد جاری تھی کہ اچانک رونالڈو کی انٹری نے سب کو حیران کر دیا۔ وہ تقریباً آخری وقت میں نشست پر بیٹھے، اور چند ہی لمحوں بعد ولی عہد محمد بن سلمان بھی ہال میں داخل ہوئے۔ منظر لاجواب تھا کہ ایک طرف عالمی سیاست ۔کے بڑے کھلاڑی، اور دوسری جانب فٹبال کا شہزادہ

رونالڈو اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں وہ یورپ میں بیس سالہ شان دار سفر کے بعد آئے۔ چالیس سالہ فٹبالر نے حالیہ معاہدے میں دو سال کی توسیع کی ہے، مگر یہ بھی صاف کہہ دیا ہے کہ ان کا کیریئر اب اختتامی موڑ پر ہے—اور سعودی عرب ان کی آخری منزل۔

سعودی عرب کی عالمی سطح پر تشہیری مہمات میں وہ مرکزی کردار بن چکے ہیں۔ یہاں تک کہ ایک بیان میں وہ ایم بی ایس کو ہمارا باس بھی کہہ چکے ہیں۔

ایسٹ روم میں رونالڈو اگلی صف میں بیٹھے تھے، جہاں سے صدر ٹرمپ اور ولی عہد کے بیانات براہِ راست سنائی دے رہے تھے۔ ان کے قریب ایلون مسک اور ٹم کُک جیسی وہ کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں جنہیں دنیا ٹیکنالوجی کے بادشاہ کہتی ہے۔ رونالڈو نے موقع غنیمت جانتے ہوئے وہائٹ ہاؤس میں ایک یادگار سیلفی بھی لے ڈالی۔

ٹرمپ نے تقریر میں ان کی موجودگی کا خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ ان کا بیٹا بیرن رونالڈو کا بڑا فین ہے اور کھلاڑی سے مل کر بے حد خوش ہوا۔

پاکستان