اہم ترین

آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کیس میں ڈکی بھائی کی ضمانت منظور

مشہور یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے خلاف آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا، عدالت نے ان کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

ڈکی بھائی کو 16 اگست کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مبینہ طور پر بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق انہوں نے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ’ون ایکس بیٹ‘ اور ’بائنومو‘ جیسی متنازع ایپس کو فروغ دے کر شہریوں کو غیر قانونی آن لائن جوا اور مشتبہ سرمایہ کاری کی طرف مائل کیا۔

تحقیقات کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ڈکی بھائی کے قبضے سے آئی فون 16 پرو میکس، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور اہم ڈیٹا بھی تحویل میں لیا تھا، جب کہ ان کے اثاثوں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کیا گیا۔

پیر کے روز جسٹس شہرام سرور نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ڈکی بھائی کے وکیل ایڈووکیٹ عمران چدھڑ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف لگائے گئے الزامات قابلِ ضمانت ہیں۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔

سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے بعد ڈکی بھائی کے چاہنے والوں اور ناقدین کے درمیان بحث کا نیا طوفان برپا ہوگیا ہے۔ مقدمہ ابھی زیرِ تفتیش ہے، جبکہ یہ دیکھنا اب دلچسپ ہوگا کہ قانونی لڑائی کا اگلا مرحلہ کس رخ پر جاتا ہے۔

پاکستان