پاکستان سپر لیگ فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے بالآخر ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ فیصلہ ایک جذباتی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے عوام کے سامنے رکھا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا جانا کسی کمزوری نہیں بلکہ اصولی مؤقف کا نتیجہ ہے۔
علی ترین نے ایکس (ٹویٹر) پر جاری پیغام میں کہا کہ ملتان سلطانز کا حصہ بننا میری زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا۔ میں اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں، فینز سے محبت کرتا ہوں اور جنوبی پنجاب کی نمائندگی میرے لیے ہمیشہ فخر کا باعث رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر سیزن میں وہ کھلاڑیوں اور اسٹاف کو اس خطے کی نمائندگی کی قدر و اہمیت سمجھاتے رہے، ایک ایسا علاقہ جہاں کے لوگ محنت اور ہمت سے اپنی شناخت بناتے ہیں۔
مالی نقصان کے باوجود ٹیم کے ساتھ جڑے رہنے والے علی ترین نے پہلی بار اپنے دل کا بوجھ کھول کر بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالوں کے مالی خساروں کے باوجود میں نے کبھی پیچھے ہٹنے کا نہیں سوچا تھا۔ لیکن اگر اس جگہ موجود رہنے کے لیے اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کرنا پڑے، تو میں پیچھے ہٹ جانا بہتر سمجھتا ہوں۔ میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اس ٹیم کو چلانے کے بجائے کھڑے ہو کر اسے چھوڑنا پسند کروں گا۔
علی ترین نے اعتراف کیا کہ وہ ہر ایک کے پسندیدہ نہیں رہے، مگر انہوں نے ہمیشہ ایمانداری اور کھل کر رائے دینے کا طریقہ اپنایا، یہی ان کی شناخت رہی۔
آخر میں انہوں نے فینز سے جذباتی انداز میں الوداع کہہ دیا اور اپیل کی کہ جو بھی اگلا مالک آئے، ملتان سلطانز کی اسی طرح حمایت کرتے رہیں۔











