رسالپور اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے رواں برس معرکۂ حق کے دوران شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان کی خودمختاری کو للکارا گیا تو پاک فضائیہ نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے جدید طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، تباہ کر دیے۔
ایئر چیف کے مطابق پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے دفاعی نظام کو نشانہ بنایا بلکہ ہر کارروائی لمحوں میں مؤثر ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاک فضائیہ کی بروقت اور بھرپور کارروائی پر حیران رہ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ رافیل جیسے جدید طیارے بھی پاک فضائیہ کے سامنے کچھ نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک آرمی نے بھی زمین پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو واضح شکست دی، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس معرکے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ ایئر چیف نے دعویٰ کیا کہ قوم اور مسلح افواج نے دشمن کی عددی برتری کے باوجود اسے شکست فاش دی۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور پاک فضائیہ ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔










