اہم ترین

یوٹیوب کا بڑا سرپرائز! سال بھر کی واچ ہسٹری اب ایک ہی کلک میں

یوٹیوب نے آخرکار اپنا زبردست اینوئیل ری کیپ فیچر لانچ کر کے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی ہے۔ اب ہر صارف سال بھر یوٹیوب پر کیا دیکھتا رہا، کون سے چینل اس کے دل میں بسے رہے، اور اس کی ”ویڈیو دیکھنے کی شخصیت“ آخر ہے کیا—سب کچھ ایک ہی جھٹکے میں سامنے آجائے گا! یہ فیچر پہلے شمالی امریکا میں شروع ہوا ہے اور چند دنوں میں دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ریکَیپ کو موبائل اور ڈیسک ٹاپ کے You ٹیب یا ہوم پیج پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فیچر سال بھر کی واچ ہسٹری کی بنیاد پر 12 چٹ پٹے کارڈز بناتا ہے، جو صارف کے پسندیدہ چینلز، ٹاپ ویڈیوز، اور دیکھنے کی عادات کو کھول کر رکھ دیتے ہیں۔ سب سے زیادہ دلچسپی اس بات میں ہے کہ یوٹیوب صارفین کو ان کی دیکھنے کی عادتوں کے حساب سے شائنر، ونڈرسیکر، کری ایٹیو اسپیریٹ، ایڈوینچرر، کنیکٹر، فلاسفر اور ڈریمر جیسے مختلف پرسنلٹی ٹائپس بھی دینے لگا ہے۔

میوزک سننے والوں کے لیے ری کَیپ اور بھی مزیدار ہے، کیونکہ یہاں ٹاپ آرٹسٹس، ٹاپ گانے، پسندیدہ جینرز اور پوڈکاسٹ سب کچھ ایک الگ انداز میں دکھایا جاتا ہے۔ یوٹیوب میوزک میں اضافی میوزک ڈیٹا بھی بھرپور انداز میں شامل کیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹیوب نے اس فیچر کو بنانے کے لیے 9 مرحلے کی ٹیسٹنگ اور 50 سے زیادہ آئیڈیاز پر کام کیا، جبکہ واچ ہسٹری کو سمجھنے اور ترتیب دینے کے لیے جیمنائی اے آئی کا سہارا لیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر بالکل اسپوٹفائی کی طرح صارفین کو سال کے اختتام پر ایک انٹرٹیننگ اور جذباتی جھلک فراہم کرے گا۔

کریئیٹرز کے لیے بھی یہ فیچر بہت بڑا تحفہ ہے، کیونکہ وہ دیکھ سکیں گے کہ وہ کن صارفین کی ٹاپ لسٹ میں شامل رہے۔ صارفین اپنے ریکَیپ کارڈز کو شیئر بھی کر سکیں گے، جس سے ہالیڈے سیزن میں چینلز کی سوشل میڈیا پہنچ آسمان کو چھو سکتی ہے۔

یوٹیوب نے اس ری کَیپ کے ذریعے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں جو چیز آخر میں آتی ہے، وہ بھی کبھی کبھی سب سے زبردست ثابت ہوتی ہے!

پاکستان