اہم ترین

عامر خان نے فلموں کے انتخاب کا اپنا فارمولا بتادیا

بھارتی فلم انڈسٹری میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سےمشہور عامر خان کہتے ہیں کہ فلموں کا انتخاب کرنےکا ان کا اپنا ہی فارمولا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 56ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران ہونے والے ایک مزاکرے میں بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنے بچپن، کام کرنے کے طریقے اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر بات کی۔

عامر خان نے بتایا کہ کہانیوں کا شوق انہیں بچپن سے ہے اور یہی شوق انہیں اداکاری تک لے آیا۔ وہ فلمیں کسی ٹرینڈ کو دیکھ کر نہیں بلکہ ہمیشہ جذباتی اثر اور اچھے مواد کی بنیاد پر چنتے ہیں ۔ ان کی کئی کامیاب فلموں کو ابتدا میں خطرہ سمجھا گیا تھا، لیکن منفرد فیصلوں نے ہی انہیں مقبولیت دلائی۔

گفتگو کے دوران عامر خان نے اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ان کی پروڈیوس کردہ فلمیں لاہور 1947 اور ہیپی پٹیل مکمل ہوں گی، وہ دوبارہ پوری توجہ اداکاری پر دیں گے۔

عامر نے بتایا کہ وہ نئی اسکرپٹس سن رہے ہیں اور کچھ کہانیاں انہیں خاصی پسند آئی ہیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ جلد اپنی نئی فلم کا اعلان کر سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں ہدایتکاری پسند ہے، لیکن وہ فی الحال ڈائریکشن نہیں کریں گے کیونکہ اس کے لیے مکمل وقت درکار ہوتا ہے۔

پاکستان