یوٹیوب شارٹس بنانے والوں کے لیے کمائی کے دروازے کھل چکے ہیں، مگر اس کے لیے چند اہم شرائط پوری کرنا لازمی ہے۔ یوٹیوب کے مطابق شارٹس سے آمدن اسی وقت ممکن ہے جب کری ایٹر یوٹیوب پارٹنر پروگرام (وائے پی پی) کا حصہ ہو، ویڈیو مکمل طور پر اورجینل ہو اور اشتہارات سے متعلق گائیڈ لائنز پر پورا اترتی ہو۔
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ شارٹس سے کمائی کا تعلق صرف سبسکرائبرز کی تعداد سے نہیں بلکہ ویوز اور انگیجمنٹ سے ہے۔ نئے مونیٹائزیشن ماڈل کے تحت اب چھوٹے کریئیٹرز بھی پیسہ کما سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ یوٹیوب کی مقررہ شرائط پوری کریں۔
یوٹیوب شارٹس سے کمائی شروع کرنے کے لیے کریئیٹر کو وائے پی پی میں شامل ہونا ہوگا۔ اس کے لیے کم از کم 1,000 سبسکرائبرز اور گزشتہ 90 دنوں میں 10 ملین (1 کروڑ) شارٹس ویوز ضروری ہیں۔ صرف سبسکرائبرز بڑھانے سے کمائی ممکن نہیں، بلکہ حقیقی ویوز اور ناظرین کی دلچسپی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کمائی حاصل کرنے کے لیے کریئیٹر کو شورٹس منیٹائزیشن موڈیول بھی قبول کرنا ہوتا ہے۔ اس موڈیول کو قبول کرنے کے بعد آنے والے ویوز ہی کمائی میں شمار ہوتے ہیں، اس سے پہلے کے ویوز شامل نہیں کیے جاتے۔ یہ اصول اشتہارات اور یوٹیوب پریمیم دونوں پر لاگو ہوتا ہے۔











