اہم ترین

مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑتی ہیں تو خوش آمدید کہیں گے: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑتی ہیں تو پیپلز پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر خطرناک دور سے گزر رہا ہے۔ افغانستان کی جانب سے درپیش خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں، تاہم پاکستانی فوج ان چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حالات میں وہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملک اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، مگر افسوس ہے کہ بعض سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ رویوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاست کے دائرے میں رہ کر کیا جائے، لیکن ایک سیاسی جماعت ایسا رویہ اختیار کر رہی ہے جو عوام اور فوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں اور نہ ہی گورنر راج کی خواہش رکھتے ہیں، تاہم دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں اگر کوئی جماعت رکاوٹ بنی تو پھر سخت فیصلے ناگزیر ہوں گے۔

ان کا کہناتھاکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا نہ ان کا مطالبہ ہے اور نہ ہی پارٹی کا، لیکن اگر صوبے میں کوئی سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو پھر ایسے قدم پر غور کرنا مجبوری بن سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑتی ہیں تو پیپلز پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی۔آئندہ انتخابات سے پہلے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں تاکہ مستقبل میں سلیکٹڈ یا فارم 47 جیسے تنازعات پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مئی کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں ناکامی ہضم نہیں کر پایا اور ایک بار پھر سازشوں میں مصروف ہے۔

پاکستان