اہم ترین

مراکش میں دو عمارتیں منہدم ہونےسے کم از کم 22 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

مراکش کے تاریخی شہر فاس میں دو رہائشی عمارتیں منہدم ہونے کے باعث کم از کم 22 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پیش آیا، جس کی تصدیق مراکش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم اے پی نے علی الصبح کی۔ ابتدا میں 19 ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم ریسکیو کارروائیاں آگے بڑھنے کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

ایم اے پی کے مطابق دونوں عمارتیں چار منزلہ تھیں اور آپس میں جڑی ہوئی تھیں۔ ان میں مجموعی طور پر آٹھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا کام شروع کیا، جو کئی گھنٹے جاری رہا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

علاقے کے رہائشیوں نے بتایا کہ عمارتیں کافی پرانی تھیں اور کچھ عرصے سے ان کی حالت خراب ہونے کی شکایات مقامی انتظامیہ تک پہنچائی جا رہی تھیں۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ عمارتیں کس وجہ سے اس قدر اچانک گر گئیں۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ برس بھی فاس کے قدیم حصے میں ایک عمارت گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مراکش میں رہائشی سہولیات کی خراب صورتحال کے باعث عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے اور رواں برس ستمبر میں ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج بھی دیکھے گئے تھے، جن میں بڑھتی غربت، غیر معیاری رہائش اور عوامی خدمات کی تنزلی کے خلاف آواز بلند کی گئی۔

حکام نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کے امکانات کے پیشِ نظر ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔

پاکستان