امریکا نے پاکستان کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور معاونت کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت 686 ملین ڈالر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی دفاعی سلامتی تعاون ایجنسی کی جانب سے کانگریس کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں امریکہ کے ساتھ بہتر تعاون کا موقع ملے گا۔
اسلام آباد نے 92 لنک-16 کمیونیکیشن/ڈیٹا شیئرنگ سسٹمز اور چھ ایم کے 82 انیرٹ 500 پاؤنڈ وزنی بم خریدنے کی درخواست کی تھی۔ اس کے ساتھ اضافی پرزے، سافٹ ویئر اپ گریڈ، نیویگیشن آلات اور طیاروں کی مرمت کا سامان بھی شامل ہے۔
خط کے مطابق یہ فروخت پاکستان کے ایف-16 بیڑے کو جدید بنانے، اس کی صلاحیت اور حفاظت بڑھانے میں مدد دے گی تاکہ وہ موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹ سکے۔ اپ گریڈ کے بعد طیاروں کی عمر 2040 تک بڑھ جائے گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز آصف منیر کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ فروخت خطے میں فوجی توازن کو متاثر نہیں کرے گی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے میں معاون ہوگی۔











