انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کی ٹکٹیں فروخت کے لئے پیش کردیں۔
آئی سی سی کے مطابق 7 فروری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے لئے پہلے مرحلے میں ٹکٹوں کی قیمت بھارت میں 100 بھارتی روپے اور ایک ہزار سریل نکن روپے سے شروع ہوگی۔ دوسرے مرحلے کی ٹکٹ فروخت کی تاریخ جلد جاری کی جائے گی۔
آئی سی سی کے سی ای او سنجیو گپتا نے کہا کہ سستے ٹکٹ شائقین کو بڑے پیمانے پر اس عالمی ایونٹ کا حصہ بننے کا موقع دیں گے۔ ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ ہر کرکٹ فین کو اسٹےڈیم میں بیٹھ کر ورلڈ کلاس میچ دیکھنے کا موقع ملے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں 55 میچز کھیلیں گی۔ فارمیٹ 2024 کے ورلڈ کپ جیسا ہوگا، جس میں ٹیمیں پانچ گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، امریکا، نیدرلینڈز، نمیبیا، گروپ بی میں سری لنکا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، زمبابوے، عمان، گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال، اٹلی جب کہ گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان، کینیڈا، یو اے ای شامل ہیں۔
ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر ایٹ گروپس میں پہلے سے طے پوزیشنز کے مطابق ٹیمیں شامل ہوں گی۔
سپر ایٹ کے بعد سیمی فائنلز 4 اور 5 مارچ کو کولکتہ اور ممبئی میں ہوں گے، تاہم اگر پاکستان کوالیفائی کرتا ہے تو اس کے میچ کولمبو میں منتقل کیے جائیں گے۔ فائنل 8 مارچ کو احمد آباد میں ہوگا، اور پاکستان کی فائنل میں رسائی کی صورت میں یہ بھی کولمبو میں ہوگا۔











