فلسطینی اتھارٹی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی اسرائیلی بستیوں کے قیام کی امریکی حمایت کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ فلسطینی صدر کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے کہا ہے کہ امریکی سفیر مائیک ہکابی کے بیانات بین الاقوامی قوانین اور عالمی اتفاقِ رائے کے صریح خلاف ہیں۔
ترجمان کے مطابق امریکی سفیر کا یہ کہنا کہ اسرائیل کی جانب سے 19 نئی بستیوں کی منظوری نہ تو الحاق ہے اور نہ ہی خودمختاری کا اعلان، ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قرارداد 2334 کے تحت تمام اسرائیلی بستیاں غیر قانونی قرار دی جا چکی ہیں اور کوئی بھی فریق قابض طاقت اور اس کی پالیسیوں کو جائز قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔
نبیل ابو ردینہ نے زور دیا کہ اگر امریکہ واقعی خطے میں تشدد روکنے، کشیدگی کم کرنے اور مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ اور پائیدار امن کا خواہاں ہے تو اسے بین الاقوامی قانون اور عالمی فیصلوں کا احترام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے جائز اور قانونی حقوق کو تسلیم کیے بغیر نہ امن ممکن ہے اور نہ ہی سب کے لیے سلامتی کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔











