اہم ترین

انگلینڈ کو لگاتار تیسرے ٹیسٹ میں بھی شکست؛ایشیز سیریز بھی آسٹریلیا کے نام

آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 82 رنز سے شکست دے کر صرف 11 دن میں ایشز سیریز اپنے نام کر لی۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے آخری چار وکٹیں حاصل کر کے فتح پر مہر ثبت کی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ایک بار پھر دباؤ میں بکھر گئی۔

انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 435 رنز کا مشکل ہدف درپیش تھا، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تقریباً ناممکن سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ انگلش بلے بازوں نے مزاحمت دکھائی اور ٹیم 352 رنز تک پہنچی، مگر کامیابی سے خاصی دور رہی۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے فتح کے بعد کہا کہ یہ جیت شاندار ہے۔ آج آسان نہیں تھا، لیکن ہم نے ثابت قدمی دکھائی۔ پچھلے دو ماہ کی محنت آج رنگ لے آئی۔

میچ کے دوران آسٹریلیا کو اس وقت دھچکا لگا جب اسپنر نیتھن لیون ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، اور اب ان کا بقیہ سیریز میں کھیلنا مشکوک ہو گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواب اب ختم ہو چکا ہے، سب دل گرفتہ ہیں، لیکن ہم ہار نہیں مانیں گے۔ اس میچ میں ہمیں کچھ مثبت پہلو بھی نظر آئے۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے 47 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جیمی اسمتھ نے جارحانہ کھیل دکھایا، لیکن آسٹریلوی فیلڈنگ اور بولنگ کے سامنے انگلش بیٹنگ زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔

یہ شکست انگلینڈ کے لیے ایک اور تلخ یاد بن گئی، کیونکہ وہ 2010-11 کے بعد سے آسٹریلیا میں کوئی سیریز نہیں جیت سکے۔ اس سے قبل ان کے دورے 5-0، 4-0 اور 4-0 کی بدترین شکستوں پر ختم ہو چکے ہیں۔

پاکستان